ڈپٹی کمشنر سبی کی زیر صدارت پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس


**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی کی صدارت میں پولیو مہم کے تیسرے روز کی کارکردگی کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ افسران اور پولیو ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ فیلڈ میں جاری سرگرمیوں، ویکسینیشن کوریج اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر سبی میجر (ر) الیاس کبزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت مہم کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی بچہ کسی بھی وجہ سے ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، انکاری والدین کو مؤثر انداز میں آگاہی فراہم کریں اور مہم کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کے ذریعے ہی پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس قومی فریضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert