ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کا ای آر ایم جائزہ اجلاس


**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار کی زیر صدارت جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ای آر ایم کے تیسرے روز کا ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں دن بھر کی پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیلڈ میں کام کرنے والی پولیو ٹیموں اور ورکرز کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مجموعی صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا، جبکہ ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز حسین جمالی بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نصیر آباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور ٹیمیں گھر گھر جا کر سو فیصد کوریج کو یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ ورکرز کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی کوششوں سے پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مہم کے دوران درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور مانیٹرنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert