یوم یکجہتی کشمیر: بلوچستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے، میر محمد صادق عمرانی

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد منقسم کشمیر کے تمام حصوں میں بسنے والے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ یہ دن منانے کا سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے بلا تعطل جاری ہے اور بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اس دن بھرپور عزم اور حوصلے کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ عبداللہ اور اندرا گاندھی کے درمیان 1975ء میں ہونے والے معاہدے کے وقت وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 28 فروری کو کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منانے کا اعلان کیا، جبکہ اس دن کو سرکاری طور پر 2004ء سے 5 فروری کو منانا شروع کیا گیا۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد، حق خودارادیت، سیاسی و سفارتی حمایت اور غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو حق حاصل ہے کہ وہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور بھارت کے 76 سالہ تسلط کے باوجود اپنے وطن کی آزادی کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کی تحریک آزادی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جمہوری اور غیر جانب دارانہ استصواب رائے کے ذریعے ممکن ہے۔
