صادق خان اچکزئی کا بلوچستان میں امن و اتحاد کی ضرورت پر زور، وفاقی حکومت سے روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے مرکزی چیئرمین صادق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی کی موجودہ صورتحال پر انہیں شدید افسوس ہے کیونکہ صوبہ بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی سے نمٹنے کے لیے بلوچ اور پشتون عوام کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ یہ وقت اتفاق و اتحاد کا ہے اور نفاق صوبے کو مزید تباہی کے دہانے پر پہنچا سکتا ہے۔
صادق اچکزئی نے صوبے کے بلوچ و پشتون قبائل کے مشران، جید علماء کرام اور سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ سنگین صورتحال میں اپنا کردار ادا کریں اور صوبے میں پرامن حالات قائم کرنے کے لیے ایک جرگہ منعقد کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ بے روزگاری اور کاروبار کی بندش بھی ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے صوبے کے عوام سے کاروبار چھینا گیا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود کر دیے گئے ہیں۔ صادق اچکزئی نے وفاقی حکومت اور عسکری قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان کے سنگین مسائل پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں اور بند کیے گئے کاروباری دروازے دوبارہ کھولیں۔
چیئرمین مظلوم عوامی تحریک نے کہا کہ وفاقی حکومت کے خیر سگالی اقدامات اور خصوصی پیکج کے ذریعے بلوچستان کے حالات خود بخود درست سمت میں آنے لگیں گے۔ انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ ناراض عوام کے دل جیتنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور انہیں خلوص کے ساتھ سینے سے لگائیں۔
