حاجی علی مدد جتک کا اسلام آباد دھماکے کی شدید مذمت، شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور صوبائی وزیر **حاجی علی مدد جتک** نے اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں معصوم انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی ملک و قوم کے خلاف ایک سنگین سازش ہے، لیکن قوم کے عزم اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت یہ ناسور جلد پاکستان سے ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
حاجی علی مدد جتک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہادر افواج اور سکیورٹی ادارے دہشتگردی میں ملوث عناصر کو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ملک میں امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کے صبر و حوصلے کو سلام پیش کیا۔
صوبائی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد مکمل صحتیابی نصیب ہو۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک کے امن کو خراب کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔
