اسلام آباد خودکش دھماکے میں گلگت بلتستان کے انسپکٹر بہادر علی شہید، جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) — اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پولیس افسر انسپکٹر بہادر علی شہید ہو گئے۔
شہید انسپکٹر کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، سینئر پولیس افسران، اہلکار اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکاروں نے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
بعد ازاں شہید انسپکٹر بہادر علی کی جسدِ خاکی کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے گلگت بلتستان روانہ کر دیا گیا۔ پولیس حکام نے کہا کہ انسپکٹر بہادر علی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ حکام نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
واضح رہے کہ اس خودکش حملے میں 31 نمازی شہید اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو گیٹ پر روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر اس نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے ایک گارڈ زخمی ہوا، جبکہ بعد ازاں حملہ آور نے مسجد کے احاطے میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

WhatsApp
Get Alert