نصراللہ خان زیرے کا تعلیم پر زور، مشرقی بائی پاس میں تعلیمِ سیرت پبلک اسکول کا افتتاح

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ علم، آگاہی اور تعلیم وہ بنیاد ہیں جن کی بدولت دنیا کے ممالک ترقی کرتے ہیں، اور ہمارے معاشرے کے مرد و زن کو بھی علم کے زیور سے آراستہ ہو کر اپنی سرزمین اور وطن کی حقیقی تعمیر، ترقی اور حق کے حصول کے لیے قلم اور کتاب کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے مشرقی بائی پاس بابا جان ٹاؤن میں تعلیمِ سیرت پبلک اسکول کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں اسکول کے ڈائریکٹر مردا علی بگٹی، پشتونخوا نیپ کی مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالعلی اچکزئی، اقراء پبلک اسکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حضرت علی کوثر، صوبائی صدر اقراء امین اللہ کاکڑ، پشتونخوا نیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری عبید اللہ توخی، ضلع سیکریٹری اطلاعات نور آغا درانی، فضل الرحمن الکوزئی، شال اکیڈمی کی ڈائریکٹر محترمہ مس ناز صاحبہ، گرینڈ الائنس کے سلیم ناصر، قاری زبیر الرحمن، کمانڈر عبدالخالق کاکڑ، میر غلام حسین بگٹی، حاجی داؤد شاہوانی، حاجی علی نواز بگٹی سمیت علاقے کے بزرگوں اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے کہا کہ علاقے میں نئے اسکول کا قیام ایک مثبت اور خوش آئند اقدام ہے جو تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں علاقے میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں کام ہوئے ہیں، جن میں تقریباً پچیس نئے اسکول، کالج اور ایک پبلک لائبریری شامل ہیں، جہاں ہزاروں طلباء و طالبات علم حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت، آبنوشی، سڑکوں، سیوریج نظام اور نالیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مشرقی بائی پاس کو ڈبل روڈ بنانا علاقے کی مجموعی ترقی کی جانب اہم قدم ہے، اور پشتونخوا نیپ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی، جس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
