بھارت سے 15 فروری کا میچ نہیں کھیلیں گے، پی سی بی موقف پر ڈٹ گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے اصولی موقف پر ڈٹ گیا اور آئی سی سی کے ڈپٹی چیف کو واضح کردیا ہے کہ بھارت کے ساتھ 15 فروری کو شیڈول میچ نہیں کھیلیں گے۔
ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور آئی سی سی کا مصالحتی وفد پاکستان پہنچا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی وفد کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی کے ڈپٹی چیف کے سامنے اپنا بیانیہ کھل کر رکھا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی اپنے اصولی موقف پرڈٹ گیا ہے کہ بھارت سے 15 فروری کو کولمبو میں میچ نہیں کھیلیں گے، میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت پاکستان نے کیا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف نہ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کا ہے اور بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ بھی حکومت ہی کرےگی۔
