چھوٹی گاڑیاں خریدنے والوں کیلئے اچھی خبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نئی آٹو پالیسی منظوری کیلئے آج وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی، نئی آٹو پالیسی کے تحت چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کے علاوہ ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی بھی ختم کرنے کی تجویز شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق نئی آٹو پالیسی منظوری کیلئے آج وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی جس میں چھوٹی گاڑیاں خریدنے والے افراد کیلئے ٹیکس چھوٹ کی تجاویز پیش کی جائیں گی، 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ اورچھوٹی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔

مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیوں پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے اورچھوٹی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس بھی ختم کرنے کی تجویز شامل ہے، ٹیکس چھوٹ کا اطلاق چھوٹی درآمدی گاڑیوں پر بھی کرنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ پر ہر سال نظر ثانی کی تجویز کے ساتھ نئی آٹو پالیسی کے تحت گاڑیوں کا برآمدی ہدف مقرر کرنے کیا جائے گا۔ کار ساز کمپنیوں کو 2026 تک 10 فیصد برآمدات کا ہدف دیا جائے گا جس کے مطابق کار ساز کمپنیاں آئندہ سال میں 2 فیصد گاڑیاں برآمد کریں گی جبکہ2024 میں 4 فیصد اور 2025 میں7فیصدگاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف دیا جائے گا۔
گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات تجویز بھی شامل ہے، جس کے تحت وزارت تجارت کو بیرونی ممالک کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری سونپی جائے گی، گاڑیوں اور سپیئر پارٹس کی برآمدات کے لیے ٹیکس مراعات کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔