وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورۂ کوئٹہ تاریخی اور خوش آئند ہے، جمال شاہ کاکڑ

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی **جمال شاہ کاکڑ** نے وزیراعلیٰ پنجاب **مریم نواز شریف** کے دورۂ کوئٹہ کو خوش آئند اور تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے بلوچستان کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور صوبے کو قومی یکجہتی کا واضح پیغام ملا ہے۔
اپنے بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف خدمات انجام دینے والی سیکیورٹی فورسز کے لیے **10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان** ایک جرات مندانہ، بروقت اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس وقت جن سنگین سیکیورٹی چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے میں پنجاب حکومت کی جانب سے عملی تعاون بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ **شیخ محمد بن زید النہیان ہسپتال کوئٹہ** میں **بیگم کلثوم نواز پیڈ کارڈیالوجی بلاک** کا افتتاح صوبے کے شعبۂ صحت کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس جدید بلاک کے قیام سے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملحقہ علاقوں کے ہزاروں بچوں کو دل کے امراض کے علاج کی معیاری سہولت میسر آئے گی، جو ماضی میں صرف بڑے شہروں تک محدود تھی۔
جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ اس منصوبے کو **بیگم کلثوم نواز مرحومہ** کے نام سے منسوب کرنا عوامی خدمت، ہمدردی اور فلاحی سیاست کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی فلاح، صحت اور ترقی کو ترجیح دیتی آئی ہے اور مریم نواز شریف اسی وژن کو عملی شکل دے رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ دورہ اس امر کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کو ملک کا پسماندہ صوبہ نہیں بلکہ قومی ترقی کا برابر کا شراکت دار سمجھتی ہے۔ جمال شاہ کاکڑ نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پنجاب حکومت بلوچستان کے عوام کے لیے ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھے گی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاق اور دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
