گرین بس منصوبے کے بعد کوئٹہ میں جدید لوکل بسوں کا آغاز، 2022 ماڈل کوسٹرز متعارف
سیکریٹری آر ٹی اے محمد علی درانی کی جانب سے ٹرانسپورٹر کو ایک ہی دن میں روٹ پرمٹ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کوئٹہ شہر میں عوامی سفری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے گرین بس منصوبے کے بعد لوکل ٹرانسپورٹ نظام میں بھی بہتری لاتے ہوئے 2022 ماڈل جدید کوسٹر بسیں متعارف کرا دی گئی ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) محمد علی درانی نے ایک ہی دن میں متعلقہ ٹرانسپورٹر کو روٹ پرمٹ جاری کیا، جس کی سرکاری فیس 2500 روپے قومی خزانے میں جمع کروائی گئی۔

تقریب میں ٹرانسپورٹر کے علاوہ ایس پی سٹی شبانہ حبیب، محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ جدید کوسٹرز کی شمولیت سے نہ صرف سفری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط اور مسافروں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
سیکرٹری آر ٹی اے محمد علی درانی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بلوچستان لوکل ٹرانسپورٹرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے بصورت وہ شہر میں نئی لوکل بسیں متعارف کروائیں تاکہ عوام کو معیاری، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرسکیں۔
