پشتونخوا ملی عوامی پارٹی 13 فروری کو عظیم احتجاجی ریلی اور جلسہ کرے گی


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) – پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماﺅں نے اعلان کیا ہے کہ 13 فروری بروز جمعہ کو ضلع کوئٹہ میں ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی اور جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں ضلع کے تمام کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔
پارٹی رہنماﺅں نے کہا کہ 8 فروری کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پرامن پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران سیاسی کارکنوں اور شہریوں کی گرفتاریاں، حبس بیجا میں رکھنا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ناروا رویے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ احتجاج کے دن عوام کے سامنے ان غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات کا کھل کر اظہار کیا جائے گا۔
پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نظام عسکر اور صورت خان کاکڑ نے مختلف اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ اجلاسوں میں پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرﺅف لالا، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی ایگزیکٹیوز دوست محمد لونی، حفیظ ترین، ضلع ایگزیکٹیوز اور تحصیل کمیٹیوں کے اراکین بھی شریک ہوئے۔
پارٹی رہنماﺅں نے ہدایت کی کہ 12 فروری کو علاقائی کمیٹیوں کے توسیعی اجلاس منعقد کیے جائیں اور ہر ابتدائی یونٹ کے کم از کم 10 ارکان کی 13 فروری کی احتجاجی ریلی میں شرکت یقینی بنائی جائے۔ مقررین نے کہا کہ ملک کے موجودہ بحرانوں سے نجات سیاسی جمہوری جدوجہد اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پروگرام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
پارٹی رہنماﺅں نے کہا کہ عوام کے حقیقی نمائندوں کی کامیابی کو دھوکہ دے کر مسلط کی گئی حکومت نے صوبے میں مہنگائی، بیروزگاری اور بدامنی پیدا کی ہے، جس کے خلاف کارکنان 13 فروری کو بھرپور احتجاج کریں اور اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

WhatsApp
Get Alert