ژوب: ضلع شیرانی کے خاتمے کا تاثر بے بنیاد ہے، عوام کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ/ژوب(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ژوب میں قبائلی عمائدین اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع شیرانی کو ختم کرنے سے متعلق گردش کرنے والا تاثر مکمل طور پر بے بنیاد ہے اور حکومت نے تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
وزیر اعلیٰ نے ژوب آمد پر عوام اور قبائلی عمائدین کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے اعتماد کو اپنی سب سے بڑی طاقت سمجھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع شیرانی کی حیثیت برقرار ہے اور عوام کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شیرانی سے متعلق انتظامی امور پر مقامی رکن صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ دوبارہ تفصیلی نشست کی جائے گی تاکہ تمام تحفظات کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے فیصلے انتظامی بہتری اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھ کر کیے جاتے ہیں، کسی علاقے کے حقوق متاثر نہیں ہونے دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے تمام اضلاع کی متوازن ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دور دراز علاقوں کو بھی ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مشاورت اور شفافیت کے اصولوں پر کاربند ہے۔
