عمران خان کے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں، خواجہ سعد رفیق

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہر جیل، سخت ہو یا نرم ، اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، عمران خان کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں پریشان کُن ہیں، بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔
ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر جیل ، سخت ہویا نرم ، اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے ، یہ جگ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی۔عمران خان کی ایک آنکھ اور بینائی کے متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آ رہی ہیں، یہ پریشان کُُن ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے ، میرے نزدیک مریض اگر قیدی ہو اور آپکا سیاسی مخالف بھی ہو تو اسکے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے ۔ اصولاً عمران خان کے اہل خانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑنا چاہیے تھی ۔اس موقع پر انکے دور ِ حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلٰی ظرفی نہیں ہوگا-
خواجہ سعد رفیق نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ :
1-عمران خان کی علالت کے حوالہ سے میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری موقف جاری کیا جاۓ ۔
2-عمران خان صاحب کے اہل خانہ سے انکی ملاقات کروائی جاۓ ۔
3-انکی منشا کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جاۓ ۔
4-انکے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں۔
