پارلیمان کی تذلیل کی جو مثال آج قائم کی گئی ، وہ جمہوریت کے چہرے پر بدنما داغ ہے،شہر یار آفریدی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کا کہنا ہے پارلیمان کی تذلیل کی جو مثال آج قائم کی گئی ہے، وہ جمہوریت کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔
اپنے’’ ایکس‘‘ بیان میں انہوں نے کہا ایک نااہل اور خوفزدہ حکومت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے منتخب نمائندوں کو عملاً یرغمال بنا لیا، پارلیمنٹ کے دروازے بند کر کے یہ ثابت کر دیا کہ انہیں نہ آئین کی پرواہ ہے اور نہ جمہوری اقدار کی۔ یہ رویہ کسی جمہوری حکومت کا نہیں بلکہ اقتدار سے چمٹے ایک کمزور نظام کا عکاس ہے۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا پارلیمان کوئی ذاتی جاگیر نہیں جہاں اختلافِ رائے کو تالے لگا کر ختم کیا جا سکے۔ ارکانِ اسمبلی کی نقل و حرکت روکنا عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے اور یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکمرانوں کے پاس نہ کارکردگی ہے اور نہ اخلاقی جواز۔ جب حکمران عوامی سوالات کا جواب دینے سے قاصر ہوں تو وہ طاقت اور جبر کا سہارا لیتے ہیں آج یہی منظر پوری قوم نے دیکھا۔

WhatsApp
Get Alert