راولپنڈی: امریکی خاتون وجیہہ سواتی کا اغواء، سابق شوہر گرفتار، FBI کی تفتیش

راولپنڈی  (قدرت روزنامہ)پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے راولپنڈی سے اغواء ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، واقعے کی امریکی ایف بی آئی بھی تفتیش کر رہی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے وجیہہ سواتی کے سابق شوہر رضوان حبیب کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم رضوان حبیب کو جوڈیشل مجسٹریٹ ظہیر صفدر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت نے ملزم کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔گرفتار ملزم رضوان حبیب سے پولیس نے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ وجیہہ سواتی کے اغواء کا مقدمہ تھانہ مورگاہ راولپنڈی میں ان کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔مقدمے میں وجیہہ سواتی کے اغواء میں ان کے سابق شوہر ضوان حبیب کو نامزد کیا گیا تھا۔وجیہہ سواتی کی وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی مؤکلہ کو ان کی پراپرٹی ہڑپ کرنے کے لیے اغواء کیا گیا ہے۔
وجیہہ سواتی کے راولپنڈی سے اغواء کے معاملے پر امریکی سفارت خانے نے راولپنڈی پولیس سے رابطہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق امریکی سفارت خانے کے لیگل اتاشی سیکشن کے 2 سفارت کاروں نے پنڈی پولیس حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔پولیس نے امریکی حکام کو وجیہہ سواتی کے اغواء کیس کی تفتیش سے آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکی ایف بی آئی وجیہہ سواتی اغواء کیس کی الگ سے تحقیقات کر رہی ہے۔آئی جی پنجاب راؤ سردار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مغویہ کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔