عمران خان کے علاج میں رکاوٹ غیر انسانی عمل ہے، پارلیمنٹ کے سامنے جاری دھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے علاج کے حوالے سے سرکاری ہٹ دھرمی کے خلاف پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں جاری تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جمہوری دھرنے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ ، پشتونخوامیپ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی ، تحریک انصاف کے مرکزی صدر گوہر خان ایڈووکیٹ، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینٹ میں حزب اختلاف لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اسد قیصر ، تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ اور قومی اسمبلی اور سینٹ کے ممبران کا مشترکہ دھرنا جاری ہے ۔
ملک کے سب سے پاپولر لیڈر ،سابق وزیر اعظم عمران خان کو علاج سے محروم رکھا جارہا ہے جو کہ دنیا جہاں کے انسانی قوانین ، بین الاقوامی معاشرتی اقدار اور ملکی آئین اور قانون کی صریحاً پائمالی ہے۔ اور ملک کے ہر سیاسی ، جمہوری اور معاشرتی کارکنوں اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ جاری غیر انسانی ،غیر سیاسی ، غیر جمہوری جبر واستداد کے خلاف آواز بلند کریں جو ہم سب کا انسانی اور ملکی فریضہ ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقتدار کے ہوس کے کوتاہ فکر عناصر ملک کے بحرانوں کا احساس نہ کرتے ہوئے جس ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں دراصل یہ بے اختیار مسلط عناصر جو ہر مسلط اور غلط اقتدار کا حصہ رہے ہیں اور ایورگرین عناصر کا ملک ،اس کے بقاء ،استحکام اور ترقی سے کوئی تعلق نہیں ۔
اور یہ عناصر جیبوں کے ترقی کو ملک کی ترقی گردانتے ہیں اور ملک کے انٹی کرپشن کے ادارے ان کے کرپشن پر مجرمانہ طور پر خاموش ہیں جس سے ملکی معیشت اور اس کو استحکام دینے والے ادارے زراعت، صنعت ،آئی ٹی کے شعبے اور ان کی پیداوار میں 50فیصد کمی ہوئی ہیں ۔ اس کے علاوہ ملک اپنی غلط خارجہ پالیسی کی وجہ سے تنہائی کا شکار ہوچکا ہے۔ اور ملک کے عوام پر روزگار کے دروازے بند کیئے جارہے ہیں جبکہ معاشی استحکام کے دعوے جھوٹ کے پلندے ثابت ہورہے ہیں۔اسی طرح سیاسی استحکام برباد ہوچکا ہے۔ آئین ،جمہوریت ، پارلیمنٹ، عدلیہ اور میڈیا کی حیثیت ختم کردی گئی ہے اور ملک کی اس ناگفتہ بہ صورتحال پر آنکھیں بند رکھنا ملک اور اس کے عوام سے کھلی عداوت کے سوا کچھ نہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی دنیا اور خصوصاً ملک کے 25کرورڑ عوام کے اطمینان اور ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ 8فروری 2024کے بھونڈے طریقے فارم 47کے مسلط نااہل ناکام عناصر سے عوام کو چھٹکارہ دلایا جائے اور اندرونی انتشار اور بیرونی تنہائی کا مل بیٹھ کر باہمی مشاورت سے حل نکال کر ملک میں شفاف غیر جانبدارنہ الیکشن کرائے جائے اور الیکشن کمیشن کی محکمانہ ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں صاف شفاف غیر جانبدار انتخابات کے لیے ایسا طریقہ وضع کرے جس سے ملک کے لیے حقیقی نمائندگان پر مشتمل پارلیمنٹ کی تشکیل ہوسکے۔ بیان کے آخر میں عمران خان کے علاج ومعالجے کی سہولیات فراہم کرنے، ان کے غیر آئینی ،غیر قانونی سزا کا خاتمہ کرنے اور اسی طرح تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

WhatsApp
Get Alert