آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاء کا گوادر بندرگاہ اور پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ

گوادر(قدرت روزنامہ)نوجوانوں کی قومی تربیت کے فروغ کے لیے آئی ایس پی آر کے سرمائی تربیتی پروگرام 2026 کے تحت شرکاء نے گوادر بندرگاہ اور پاک بحریہ کے جہازوں کا دورہ کیا گیا۔ یہ دورہ جی او سی گوادر کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔
شرکاء کو گوادر بندرگاہ کے انتظامی اور عملی نظام سے آگاہ کیا گیا اور انہیں انتظامات کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ طلبہ نے دورانِ بریفنگ مختلف امور پر سوالات کیے اور خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ شرکاء کو پاک بحریہ کے جنگی جہاز ذوالفقار اور اسلت کا دورہ بھی کروایا گیا، جہاں بحری افسران نے جہازوں کی دفاعی صلاحیتوں اور سمندری سرحدوں کے تحفظ میں ان کے کردار کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ طلبہ نے جہازوں کے مختلف حصوں کا عملی معائنہ بھی کیا۔
دورے کے دوران کشتی رانی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا۔ شرکاء نے پروگرام کو معلوماتی اور متاثر کن قرار دیتے ہوئے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔
