میرے بچے مجھے واش روم تک اُٹھا کر لے جاتے تھے، عائشہ جہانزیب کے حیران کن انکشافات

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی میڈیا انڈسٹری سے وابستہ معروف میزبان و اداکارہ عائشہ جہانزیب نے گھریلو تشدد کے باعث پیش آنے والے سنگین صحت کے مسائل سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں شدید جسمانی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا اور صحتیاب ہونے کے لیے طویل جدوجہد کرنا پڑی۔
حال ہی میں میزبان نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے تشدد کے بعد درپیش طبی مسائل پر تفصیل سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللّٰہ وہ اب بہتر ہیں اور نارمل زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کی کمر تک کٹ جائے تب بھی انسان معمول کی زندگی گزار سکتا ہے، تاہم اس کے لیے درد برداشت کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گھریلو تشدد کے باعث انہیں شدید طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور مختلف وجوہات کی بنا پر ان کی 4 سے 5 ڈسکس اپنی جگہ سے ہٹ گئی تھیں۔ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کے لیے انہیں سخت محنت اور مسلسل جدوجہد کرنا پڑی۔
میزبان کے مطابق ان کے بچے انہیں واش روم تک اٹھا کر لے جاتے تھے، جبکہ گھر کے ملازمین بھی اس بات سے واقف ہیں کہ کئی ماہ تک انہوں نے بہت تکلیف برداشت کی۔
واضح رہے کہ عائشہ جہانزیب نے اپنے کیریئر کا آغاز نجی ٹی وی کے پروگرام خبرناک سے کیا تھا، جسے صحافی آفتاب اقبال کی میزبانی میں نشر کیا جاتا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے مختلف پروگرامز کی میزبانی بھی کی۔
عائشہ جہانزیب پانچ باصلاحیت بچوں کی والدہ ہیں۔ ان کی شادی کم عمری میں ہوئی تھی جبکہ ان کے پہلے شوہر کا انتقال کینسر کے باعث ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ 2024ء میں عائشہ جہانزیب اُس وقت خبروں کی زینت بنیں جب انہوں نے گھریلو تشدد کے باعث اپنے دوسرے شوہر سے طلاق لے لی تھی۔
