’لگتا ہے پھر سے لانچ کردیا‘، علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیانات پر پی ٹی آئی ہمدرد ناراض


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے سابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے عمران خان کی بہنوں سے بار بار درخواست کی کہ عمران خان کو باہر آنے دیا جائے لیکن انہیں بتایا جاتا رہا کہ ملک بھر سے لاکھوں افراد احتجاج کے لیے تیار ہیں۔
گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کی تینوں بہنوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر گزارش کی کہ آپس کی لڑائی ختم کی جائے اور عمران خان کو باہر آنے دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہانیاں نہ بنائیں کہ کروڑوں لوگ تیار کھڑے ہیں، یہ کہانیاں نہ بنائیں کہ لوگ انقلاب لے آئے ہیں اور خود آنا چاہتے ہیں، خدا کے لیے اسے باہر آنے دو، وہ باہر آئے گا تو چیزیں ٹھیک کر دے گا۔


انہوں نے بتایا کہ علیمہ خان کی جانب سے تقریباً بیس مرتبہ فون کر کے کہا گیا کہ کم از کم دس ہزار افراد کو جمع کیا جائے لیکن عملی طور پر اتنے لوگ موجود نہ تھے۔ گنڈاپور نے کہا کہ انہوں نے ہاتھ جوڑ کر منتیں کیں لیکن سچائی نہیں بتائی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس دن عمران خان باہر آگیا اس پارٹی میں کچھ لوگ عمران خان کے قریب بھی نظر نہیں آئیں گے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اس معاملے پر متضاد ردعمل ظاہر کیا۔ کچھ صارفین نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے آج سچ بولا جبکہ دیگر نے ان پر تنقید کی اور دعویٰ کیا کہ یہ بیان پی ٹی آئی کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔


طلحہ ندیم نامی صارف نے لکھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ وہ سچ سننے کو تیار نہیں اور جو شخص سچ بولتا ہے وہ اکیلا رہ جاتا ہے جیسا کہ شیر افضل مروت اور اب علی امین گنڈاپور۔


ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کو کرسی چھوڑنے کے بعد ہی سچ کیوں یاد آتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert