رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا
چاند سے متعلق حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کریں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے اور کل پہلے روزے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔
اس کے علاوہ کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگر علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں، جہاں سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں جمع کر کے مرکزی کمیٹی کو بھیجی گئیں۔
ابتدا میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ نوشہرہ اور اسلام آباد سے چاند دیکھنے کی 21 شہادتیں موصول ہوئیں۔
اس کے علاوہ زونل کمیٹی کو بھی 6 شہادتیں موصول ہوئیں۔
بعد ازاں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا اور کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔
ماہرین فلکیات نے آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا۔
قبل ازیں شہر لاہور میں ماہ ِرمضان المبارک 1447ہجری کا چاند نظر نہیں آیا۔ لاہور میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا وقت 6 بج کر52 منٹ تھا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے ایوان اوقاف بلڈنگ میں ڈی جی اوقاف شاہد حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں علماء کرام اور محکمہ موسمیات کے افسران نے شرکت کی۔
دریں اثنا پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا آخری وقت 7 بجکر 8 منٹ ہے، اسی طرح بلوچستان میں نظر آنے کا وقت 7 بج کر 47 منٹ ہے۔
چاند نظر آنے پر پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا، مولانا عبدالخبیر آزاد
قبل ازیں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاند نظر آنے پر پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جب قومیں متحد ہوتی ہیں تو ملک آگے بڑھتے ہیں، دشمن چالاک ہے اور دو ممالک ہمارے خلاف مل گئے ہیں، مئی میں اللہ نے ہمیں بنیان المرصوص میں فتح دی، بلوچستان اور اسلام آباد میں حملے ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سجدہ ریز لوگوں پر دھماکہ ہوا جو کوئی مسلمان سوچ بھی نہیں سکتا، باجوڑ میں مسجد میں دھماکہ ہوا، دشمن کا کوئی ایجنڈا اور سازش پورے پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان وہ بیانیہ ہے جس نے خودکش حملوں کو حرام قرار دیا، عاصم منیر کی قیادت میں فوج اور قوم بیدار ہے، رمضان المبارک آرہا ہے اس کے استقبال کا اہتمام کریں، تمام مکاتب فکر کے علماء، ماہرین فلکیات اور دیگر ماہرین پشاور پہنچ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس بیک وقت منعقد ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ اس مرتبہ بھی پورے ملک میں روزہ ایک ساتھ ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے قومی خلائی ادارے اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق پیش گوئی کے مطابق چاند 18 فروری کی شام انسانی آنکھ سے دیکھے جانے کا امکان ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری کو ہونے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق رمضان المبارک کا نیا چاند 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا جبکہ 18 فروری کو غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی جسے انسانی آنکھ سے دیکھا جا سکتاہے۔
