مادری زبانوں کا عالمی دن: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام 21 فروری کو سیمینارز اور تقاریب کا انعقاد

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اعلان کیا گیا ہے کہ مادری زبانوں کے عالمی دن 21 فروری کے موقع پر پریس کلب کوئٹہ میں دوپہر 2 بجے ایک سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک و بیرون ملک، پشتونخوا وطن اور جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں بھی اجتماعات، سیمینارز اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق ان تقریبات سے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین، ادیب، شعراء، اساتذہ، پروفیسرز، ڈاکٹرز، وکلاء، فنکار، اداکار، انجمن تاجران، ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد خطاب کریں گے۔ تمام صوبائی اور ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس دن کو باوقار اور منظم انداز میں منایا جائے۔
پریس ریلیز میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کی جانب سے 21 فروری کو مادری زبانوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے عالم انسانیت اور قوموں کی مادری زبانوں کے تاریخی ورثے کے تحفظ، فروغ اور ترقی کے لیے ایک اہم اور مثبت اقدام قرار دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پارٹی ہر سال مادری زبانوں بالخصوص پشتو زبان کی ترویج و ترقی کے لیے اس دن کو مناتی چلی آ رہی ہے، تاہم اس سال ماہ رمضان کے احترام میں تقریبات سادگی سے منعقد کی جائیں گی۔
پارٹی نے تمام باشعور اور جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی مادری زبان، قومی تاریخ، ثقافت اور تہذیب کے فروغ کے لیے منعقدہ پروگراموں، سیمینارز، اجتماعات اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے اپنی قومی زبان اور ثقافتی ورثے سے یکجہتی کا اظہار کریں۔
