چیف سیکرٹری کو گالی دینا بلوچستان کی روایات کے خلاف ہے، پی پی پی کا علی حسن زہری کے نازیبا الفاظ سے لاتعلقی کا اظہار، اسمبلی میں بھرپور مذمت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ ) بلوچستان اسمبلی کے حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو گالی دینے اور نازیبہ الفاظ کہنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے الفاظ بلوچستان کی روایات کے خلاف ہیں چیف سیکرٹری صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں پیپلز پارٹی نازیبہ الفاظ سے لا تعلقی کا اظہار کرتی ہے۔
جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر علی ترین نے پوائنٹ اف ارڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر میر علی حسن زہری کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو دی جانے والی گالی اور نازیبہ الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت تمام سابقہ چیف سیکرٹریز نے بلوچستان کی خدمت کی ہے لیکن گزشتہ دنوں ان کے لیے نامناسب الفاظ ادا کیے گئے جو کہ درست عمل نہیں کام سب کے رک جاتے ہیں لیکن ایسا کرنا مناسب نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان معزز اور قابل شخصیت ہیں وہ بلوچستان کی ترقی کے لیے محنت کر رہے ہیں پیپلز پارٹی کا علی حسن زہری کے بیان میں کوئی ہاتھ نہیں یہ ان کا انفرادی عمل ہے بلوچستان روایتوں کی امین سرزمین ہے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سخت ترین مخالفین کو بھی اخلاق سے جواب دیا ہے ہماری قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی ہم نے انتقام نہیں لیا مفاہمت اور رواداری کی مثال قائم کی ہم چیف سیکرٹری بلوچستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان قابل احترام ہیں وہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں یہ فرد واحد کا ذاتی فعل ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کا میمن گوٹھ نہیں جہاں بدمعاشی کی جاتی ہے بلوچستان ہے آپ جس طرح سے اس اسمبلی میں آئے وہ بھی سب کو معلوم ہے اور دوبارہ اس ایوان میں نہیں آئیں گے ہمیں اس اسمبلی کی کاروائی صدر مملکت کو بھی بھیجنی چاہیے کہ پیپلز پارٹی چیف سیکرٹری کے خلاف نہیں ہے۔
مسلم لیگ نون کے صوبائی وزیر میر اسم گرد گیلو نے کہا کہ چیف سیکرٹری کے لیے کہے گئے الفاظ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور آئندہ ایسا نہیں ہونا چاہیے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ برداشت سے پیش آنا چاہیے۔
