سرکاری نمبر پلیٹس نہ ملنے پر گاڑی مالکان کے خلاف کارروائیاں نہ کی جائیں، محکمہ ایکسائز پنجاب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ ایکسائز نے شہریوں کی شکایات پر پنجاب حکومت کے نمونے پر نمبر پلیٹس آویزاں کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔
لاہور میں محکمہ ایکسائز نے شہریوں کی شکایات کے پیش نظر اہم مراسلہ جاری کر دیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری نمبر پلیٹس کی عدم دستیابی پر گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔
محکمہ ایکسائز پنجاب کے مراسلے کے مطابق شہری اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر پنجاب حکومت کے مقرر کردہ نمونے کے مطابق تیار شدہ نمبر پلیٹس آویزاں کر سکتے ہیں، واضح کیا گیا ہے کہ صرف غیر منظور شدہ فارمیٹ والی نمبر پلیٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جن شہریوں نے مقررہ فارمیٹ کے مطابق پلیٹس لگائی ہیں، ان کے خلاف جرمانے یا مقدمات درج نہ کیے جائیں۔ حکام کے مطابق سرکاری طور پر نمبر پلیٹس کی فیس وصولی عارضی طور پر بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے نرمی برتی جائے۔
ذرائع کے مطابق نمبر پلیٹس کی تیاری میں تاخیر کے باعث سابقہ کنٹریکٹ منسوخ کر دیے گئے تھے جبکہ لاکھوں نمبر پلیٹس فیس کی ادائیگی کے باوجود تاحال جاری نہیں ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert