عنوان: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی قیادت کی ہمدردی، حافظ عبدالغنی شہزاد کی خیریت دریافت

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبد الواسع اور صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان حافظ عبدالغنی شہزاد سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ حافظ عبدالغنی شہزاد کا حال ہی میں آغا خان ہسپتال کراچی میں ایک طویل اور پیچیدہ آپریشن ہوا تھا، جو اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
صوبائی امیر اور سیکرٹری جنرل نے حافظ عبدالغنی شہزاد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی، ان کی صحت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اپنے کارکنوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی اور مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے۔
حافظ عبدالغنی شہزاد نے خصوصی طور پر صوبائی امیر مولانا عبد الواسع اور دیگر صوبائی قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیادت کی فکر مندی، خلوص اور مسلسل توجہ کی بدولت علاج کا مرحلہ بہترین انداز میں مکمل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی امیر کی شفقت اور محنت کے لیے الفاظ ناکافی ہیں اور وہ اس محبت و تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔
