قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، دہشت گردوں کا قبروں تک تعاقب کریں گے، علی مدد جتک

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے افغانستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف پاکستان کی حالیہ مؤثر کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث عناصر کے قدموں کے نشانات افغانستان تک جاتے ہیں جس کے شواہد افغان حکام کو دیے جا چکے ہیں۔ علی مدد جتک نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کا امن سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، تاہم سیکیورٹی ادارے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے افغان حکومت کو خبردار کیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، بصورت دیگر پاکستان اپنے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ معصوم شہریوں کے خون میں ملوث عناصر کا قبروں تک تعاقب کیا جائے گا۔
