مکران کے ٹرانسپورٹرز کا بھتہ مافیا کے خلاف دھرنا، وفاقی ادارے ڈیزل اور گاڑیوں سے بھتہ لے رہے ہیں، اسلم بلوچ


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی بلوچستان کے صدر چیئرمین اسلم بلوچ نے کہا ہے کہ مکران کے ٹرانسپورٹرز گزشتہ چار دن سے اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن بھتہ مافیا پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان پر کٹھ پتلی سرکار مسلط کرنے کے بعد بھتہ مافیا صوبے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے درپے ہے اور قیامِ امن کے نام پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کرکے ٹرانسپورٹرز کا جینا حرام کر دیا گیا ہے۔ اسلم بلوچ کے مطابق بارڈر سے لے کر بڑے شہروں تک ڈیزل اور پٹرول پر تمام ادارے بھتہ لیتے ہیں اور ہنگول، کنڈ ملیر سمیت مختلف مقامات پر گاڑیوں سے سینکڑوں لیٹر تیل اتار کر منڈیاں سجائی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم کیے جائیں اور بلوچستان بھر میں ایف سی، کوسٹ گارڈ اور دیگر وفاقی اداروں کی تمام چیک پوسٹس ختم کی جائیں۔

WhatsApp
Get Alert