رمضان میں سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے کیسکو کی خصوصی اقدامات

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے رمضان المبارک کے دوران سحر، افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
کیسکو حکام کی نگرانی میں پاور ڈسٹری بیوشن سینٹر (پی ڈی سی) میں قائم ریجنل کنٹرول روم سے روزانہ ان اوقات میں بجلی کی سپلائی اور صورتحال کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
تمام آپریشن سرکلز میں سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی نگرانی میں ڈویژن اور سب ڈویژن سطح پر صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ بجلی کی تکنیکی خرابی، ٹرانسفارمرز کی بروقت تبدیلی اور صارفین کی انفرادی شکایات کو کم سے کم وقت میں حل کیا جا سکے۔
صارفین بجلی بندش یا دیگر مسائل کے لیے 118 پر کال کر سکتے ہیں یا موبائل سے 8118 پر بجلی بل کے حوالہ نمبر کے ساتھ میسج بھیج کر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، کیسکو کے مرکزی کمپلینٹ سیل (ٹیلی فون نمبر 081-9201445) یا متعلقہ سب ڈویژنز کے نمبرز پر بھی شکایات کی جا سکتی ہیں۔
صارفین کی مزید سہولت کے لیے شکایات واٹس ایپ پر بھی درج کی جا سکتی ہیں۔ موبائل نمبر 0319-8088439 پر بجلی بل کی کاپی منسلک کرکے اپنا ایکٹو موبائل نمبر لکھ کر شکایت ارسال کی جا سکتی ہے، تاکہ کیسکو عملہ فوری طور پر متعلقہ جگہ پہنچ کر بجلی کی بحالی کے اقدامات کر سکے۔
