گوادر میں مالکانہ حقوق اور ہاؤسنگ اسکیموں پر پیش رفت، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی سیکرٹری بورڈ آف ریونیو سے ملاقات

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان اور قائد حق دو تحریک، رکن صوبائی اسمبلی Maulana Hidayat-ur-Rehman Baloch نے سیکرٹری ممبر بورڈ آف ریونیو بلوچستان قمبر دشتی سے کوئٹہ میں ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی، جس میں ضلع گوادر کے مختلف رہائشی علاقوں کے مالکانہ حقوق اور ہاؤسنگ اسکیموں سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے بخشی کالونی اور کلاچی پاڑہ گوادر کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کے مکین گزشتہ کئی برسوں سے مالکانہ حقوق کے منتظر ہیں اور اس مسئلے کے حل سے عوام کو قانونی تحفظ اور ذہنی سکون میسر آئے گا۔
اس کے علاوہ پسنی زرین ہاؤسنگ اسکیم اور باتیل اورماڑہ ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق پیش رفت پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیکرٹری ممبر بورڈ آف ریونیو بلوچستان قمبر دشتی نے یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ اورماڑہ ہاؤسنگ اسکیم کا عمل تقریباً مکمل ہو چکا ہے جبکہ زرین ہاؤسنگ اسکیم پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بخشی کالونی اور کلاچی پاڑہ کے رہائشیوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کا مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔
