ڈرائیونگ لائسنس بنوانا اب مزید آسان، حکومت کی بڑی سہولت کا اعلان


پشاور (قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا حکومت نے شہریوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو تیز تر اور آسان بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک گھنٹے میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی نئی سہولت متعارف کرادی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی خدمات کی فراہمی میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا ہے اور LTV اور HTV ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے۔
اب درخواست دہندگان گھر بیٹھے آن لائن طریقہ کار کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور مقررہ مراحل کو مکمل کرنے کے بعد وہ مختصر وقت میں لرنر لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ سہولت خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ٹرانسپورٹ ڈائریکٹوریٹ اور ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے انتظامی تعاون سے تیار کی ہے اور اب دستک موبائل ایپ پر دستیاب ہے۔
شہری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں گے اور اپنی معلومات درج کریں گے، مطلوبہ فیس آن لائن ادا کریں گے اور پھر ڈیجیٹل تصدیق کے بعد انہیں لرنر لائسنس جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم ہوں گی۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی اسی طرح مزید سروسز آن لائن منتقل کی جائیں گی تاکہ صوبے میں ای گورننس کو فروغ دیا جاسکے اور عوام کو جدید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو لمبی قطاروں اور غیر ضروری تاخیر سے نجات دلانا ہے تاکہ عوام کم سے کم وقت میں قانونی تقاضے پورے کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert