بلیلی ‘ ایئرپورٹ روڈ پر ڈیڑھ ماہ سے پڑے ملبے پر بلوچستان ہائی کورٹ برہم، چیف جسٹس کا سخت نوٹس،کل تک مفصل رپورٹ طلب

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ ایئرپورٹ روڈ طور ناصر کی توڑ پھوڑ، جس کا ملبہ ڈیڑھ ماہ سے سڑک پر پڑا ہوا ہے اور ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کے معاملے پر بلوچستان ہائی کورٹ نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ، جس کی سربراہی چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جناب محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس جناب نجم الدین مینگل نے کی، نے سید نزیر آغا ایڈوکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کوئٹہ کی مین شاہراہوں کو بلا وجہ توڑ پھوڑ کر عوام کو شدید اذیت میں مبتلا کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس جناب محمد کامران ملاخیل سماعت کے دوران اس صورتحال پر شدید برہم ہوئے۔ اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل شیہک بلوچ، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل محمد فرید ڈوگر، ملک انور نسیم کاسی اور این ایچ اے کے نمائندہ حبیب اللہ کاکڑ کو درخواست کی کاپیاں فراہم کی گئیں۔ معزز عدالت نے حکومت کے اعلیٰ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 26 فروری 2026 بروز جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے اس دوران حکومت کے اعلیٰ حکام اور این ایچ اے سے ایئرپورٹ روڈ طور ناصر سمیت کوئٹہ کی دیگر مین شاہراہوں کی غیر ضروری توڑ پھوڑ اور موجودہ صورتحال پر مفصل رپورٹ طلب کی ہے تاکہ آئندہ سماعت میں اس معاملے کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
