بلوچستان اسمبلی کی عمارت گرا کر 2 سال میں نئی بلڈنگ تعمیر کریں گے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی موجودہ عمارت گرانے کا ٹینڈر ہوچکا ہے، نئی عمارت دو سال میں تعمیر کریں گے جبکہ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان انیمل سلاٹر کنڑول کا مسودہ قانون 2025 منظور، بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا مسودہ قانون 2026 متعلقہ کمیٹی کے سپرد، ایوان میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ محکمہ موسمیاتی تبدیلی ماحولیات اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ آرگنائزیشنز سال 2024-25 ایوان میں پیش کردی گئی۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کیپٹن(ر) عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علماء اسلام کے رکن میر زابد علی ریکی نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے بیٹھنے کے لیے دفاترنہیں ہیں کمیٹی بلاک کو فعال کیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی عمارت گرانے کا ٹینڈر ہوچکا ہے عمارت گرانے کے بعد نئی عمارت کی تعمیر شروع ہوگی جب تک عمارت بنتی ہے تو ہم دوسری عمارت میں اجلاس کریں گے جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ عمارت نہیں گرنی چاہیے مگر اب اس عمارت میں مزید کمروں کی گنجائش نہیں: ہمیں اور کہیں زمین نہیں مل رہی ہے اس لئے اس عمارت کو گرارہے ہیں نئی بلڈنگ میں کلچرل ٹچ بھی دیں گے، وفاق پیسے دے رہا ہے اسمبلی کی نئی بلڈنگ دو سال میں بنے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کیچ کے علاقے بلیدہ میں ایک گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت افسوس ناک واقعہ ہے اب خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے، وہ ہمارے سیکورٹی ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے میں بھی مذمتی قرارداد کا حصہ ہوں واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مالی امداد دی جائے گی۔ اجلاس میں رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن نے نقطہ اعتراض پر بات کرنے کی کوشش کی تو اسپیکر نے مولانا ہدایت الرحمن کو بات کرنے کی اجازت نہیں دی، اسپیکر نے کہا کہ ایجنڈے کی طرف آئیں انہوں نے مولانا ہدایت الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کارویہ ٹھیک نہیں ہے، میرے اختیار ہے کہ کس کو بات کرنے کی اجازت دوں یا نہیں تاہم مولانا ہدایت الرحمن اجازت نہ ملنے کے باوجود بولتے رہے۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی برائے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی چیئر پرسن کلثوم نیاز بلوچ نے بلوچستان انیمل سلاٹر کنڑول مسودہ قانون 2025 سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جس کے بعد صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان انیمل سلاٹر کنڑول مسودہ قانون 2025 ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے منظور کرلیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا مسودہ قانون 2026 ایوان میں پیش کیا جسے اسپیکر نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے موسمیاتی تبدیلی، ماحولیات اور ڈیزاسٹر منجیمٹ آرگنائزیشنز کی آڈٹ رپورٹ ایوان میں پیش کی جسے پبلک آکاونٹس کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔
