اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی اور بشریٰ بی بی کی دو متفرق درخواستیں منظور کر لیں


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر لگائے گئے اعتراضات سے متعلق اہم پیش رفت کرتے ہوئے دونوں کی متفرق درخواستیں منظور کر لیں اور اپیلوں کو نمبر لگا کر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواستوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا پیش ہوئے جب کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں بھی عدالت میں موجود تھیں۔
سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے اپیلوں پر بلاجواز اعتراضات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انھیں اعتراضات کا علم اس وقت ہوا جب سزا معطلی کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ بعض اعتراضات ایسے تھے جو بنتے ہی نہیں تھے، حتیٰ کہ وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض بھی لگایا گیا جسے بعد ازاں خود ہی ختم کر کے وہی وکالت نامہ تسلیم کر لیا گیا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ آفس کی جانب سے صفحات پر فلیگ نہ ہونے اور دستاویزات کی ترتیب درست نہ ہونے جیسے اعتراضات بھی لگائے گئے۔ اس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ صفحات کو فلیگ کر لیا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جب اعتراضات دور کر دیے گئے تو کیس اب بھی اعتراضات کے ساتھ کیوں مقرر ہے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ اعتراضات 7 روز میں دور کر لیے جائیں۔ جسٹس خادم سومرو نے قرار دیا کہ دونوں متفرق درخواستیں منظور کی جا رہی ہیں، جن میں مرکزی اپیل پر اعتراضات دور کرنے اور اعتراضات دور کرنے کے لیے مہلت میں توسیع کی درخواست شامل تھی۔
سماعت کے اختتام پر بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ انھیں پہلے ہی متعدد مشکلات کا سامنا ہے، کم از کم اس معاملے میں آسانی فراہم کی جائے۔ اس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ درخواستیں منظور کر لی گئی ہیں اور فریقین کو خالی ہاتھ نہیں بھیجا جا رہا۔

WhatsApp
Get Alert