پی بی 21 حب ری : الیکشن کمیشن نے علی حسن زہری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا
، اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوبارہ گنتی کا حکم معطل کرتے ہوئے حکمِ امتناع جاری کر دیا

اسلام آباد(ڈیلی قدرت کوئٹہ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد سے جاری کردہ ایک اہم نوٹیفکیشن میں حلقہ پی بی 21 حب کے انتخابی نتائج کے حوالے سے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے علی حسن زہری کی کامیابی بحال کر دی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق 25 فروری 2026 کو “علی حسن زہری بنام محمد صالح بھوتانی” کیس میں جاری ہونے والے حکم اور ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے 39 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نتیجے میں 19 دسمبر 2024 کا سابقہ نوٹیفکیشن بحال کر دیا گیا ہے۔
جس کے تحت علی حسن زہری کو حلقہ پی بی 21 حب سے باقاعدہ کامیاب امیدوار قرار دے دیا گیا ہے، انتخابی نتائج کی تفصیلات کے مطابق علی حسن زہری نے 23,974 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل محمد صالح بھوتانی 17,403 ووٹ حاصل کر سکے، مجموعی طور پر حلقے میں 87,483 ووٹ پول ہوئے جن میں سے 17,155 ووٹ مسترد کر دیے گئے، اس فیصلے کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد علی کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے ذریعے علی حسن زہری کی رکنیت باقاعدہ طور پر بحال ہو گئی ہے۔
تاہم اس کیس میں اس وقت بڑا موڑ آیا جب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی بی 21 حب کے 39 پولنگز پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا اور جسٹس انعام امین منہاس نے امیدوار محمد صالح بھوتانی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکمِ امتناع جاری کردیا، عدالت نے اس معاملے پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے جبکہ آئندہ سماعت عید الفطر کے بعد مقرر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف صالح بھوتانی کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر عدالت نے یہ اہم ریلیف دیا ہے جس کے بعد اب دوبارہ گنتی کا عمل اور اس سے وابستہ نتائج کی قانونی حیثیت کا جائزہ عید کے بعد لیا جائے گا۔
