سوراب: پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکہ، ڈرائیور خلیل احمد شہید، آر سی ڈی روڈ پر پُل تباہ


سوراب(ڈیلی قدرت کوئٹہ) سوراب میں قومی شاہراہ (آر سی ڈی روڈ) پر نغاڑ کے مقام پر پولیس کی ایک بکتر بند گاڑی کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے سڑک پر موجود ایک پُل کے نیچے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا، جیسے ہی پولیس کی بکتر بند گاڑی وہاں سے گزری تو زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور پُل بھی مکمل طور پر منہدم ہو گیا۔

واقعے میں شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت خلیل احمد کے نام سے ہوئی ہے جو دھماکے کے وقت گاڑی چلا رہے تھے۔ دھماکے کے بعد قومی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

WhatsApp
Get Alert