تاریخی جغرافیائی حقائق کی مسخ اور پشتون دشمن انتظامی تقسیم مسترد، پشتونخوامیپ کا نئے ڈویژنز کے خلاف عدالتی و عوامی جدوجہد کا اعلان

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں مسلط نام نہاد صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے میں معروضی شرائط، تاریخی حقائق اور صورتحال کے برعکس نئے ڈویژنز اور اس میں اضلاع کو یکجا کرنے کے فیصلے کو کھلی طور پر مسترد کیا گیا ہے۔ بیان میں سختی سے کہا گیا ہے کہ تاریخی و جغرافیائی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے ڈویژنز میں تاریخی قومی و معاشرتی اقدار کے برخلاف غیر منصفانہ طور پر اضلاع کو یکجا کرنے کا عمل تاریخ کو مسخ کرنے کے مترادف ہے، جس کا فوری طور پر خاتمہ اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ پارٹی اعلامیے کے مطابق، صوبے میں پشتونوں کی مرضی اور رضامندی کے بغیر ڈویژنز کی تشکیل اور ان میں تاریخی، جغرافیائی، لسانی اور معاشرتی اقدار کے منافی اضلاع کو یکجا کرنے کا ناروا فیصلہ پشتون عوام کو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ پریس ریلیز میں حکومت کو دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ اس نام نہاد فیصلے کے خلاف پارٹی نہ صرف عدالتی و قانونی چارہ جوئی کرے گی بلکہ اپنے عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے پرامن سیاسی و جمہوری جدوجہد کی راہ اپنانے سے بھی نہیں ہچکچائے گی، جس سے پیدا ہونے والی کسی بھی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری موجودہ مسلط حکومت پر عائد ہوگی۔
