حق اور سچ کی جیت، بھوتانی برادران 47 سالہ ناکامی اور ذلت آمیز شکست تسلیم کریں، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے اوچھے ہتھکنڈے ناکام بنا دیے، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق، سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری، نے پی بی 21 حب کی عوام کو میر علی حسن زہری کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت محض ایک انتخابی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی امنگوں اور حق کے ساتھ کھڑے ہونے کی واضح علامت ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حق اور سچ کا ساتھ دے کر ریکاؤنٹنگ کے عمل کو بہترین طریقے سے مکمل کرایا اور اس دوران عوام کی توقعات کا مکمل لحاظ رکھا گیا، جبکہ ریکاؤنٹنگ روکنے کے لیے کیے جانے والے تمام غیر قانونی اور اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنایا گیا۔ سینیٹر ثمینہ زہری نے وزیر اعلیٰ کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے عوامی مشن کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اس جیت کا تمام کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔ انہوں نے علی حسن زہری اور وزیر اعلیٰ کے درمیان کسی بھی قسم کے اختلاف کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں کا مشن عوامی خدمت ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری کے غیر قانونی اقدامات اور آر او کی معطلی کو غیر آئینی قرار دے کر ہنگامی بنیادوں پر ریکاؤنٹنگ جاری رکھی۔

بھوتانی برادران پر سخت تنقید کرتے ہوئے سینیٹر ثمینہ نے کہا کہ اب کچھ خدا کا خوف کریں اور اپنی ذلت آمیز شکست تسلیم کرتے ہوئے عوام کی توہین بند کریں کیونکہ سردار صالح بھوتانی نہ ہائی کورٹ سے مطمئن ہیں اور نہ سپریم کورٹ سے، وہ مسلسل آئینی اداروں کے فیصلوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ 47 سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود آپ نے حب کی عوام کے لیے کیا کیا؟ آپ بنیادی سہولیات، سیوریج اور پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں بھی ناکام رہے اور اب ہمارے ترقیاتی کاموں پر اسٹے لیتے ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ ہم نے میرٹ پر روزگار دیا، ماسٹر پلان بنایا اور اسکولوں میں اپنے ذاتی وسائل سے فرنیچر اور طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے، لیکن آپ نے ریاست کے اندر ریاست بنا کر اپنے ہی لوگوں پر ظلم کے پہاڑ کھڑے کیے۔ انہوں نے سردار صالح بھوتانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا تعلق باپ پارٹی سے ہے لیکن آپ کا بھائی سیکیورٹی فورسز پر تنقید کرتا ہے اور آپ خود اسمبلی فلور پر اعتراف کر چکے ہیں کہ ترقیاتی فنڈز آپ کی ذاتی ترقی پر خرچ ہوئے۔ آخر میں انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پی بی 21 حب کی عوام نے اپنے منتخب نمائندے علی حسن زہری کے حق میں فیصلہ دے کر اپنے قومی شعور کا مظاہرہ کیا ہے اور اب کسی بھی سازش یا غیر قانونی کوشش سے اس عوامی مینڈیٹ کو بدلنا ممکن نہیں۔
