دشمن کی نظریں بلوچستان پر، صرف مذاکرات حل نہیں: وفاقی وزیر جام کمال خان


(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دشمن پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کرتا اور ملک کی استقامت کو کمزور کرنے کے لیے بلوچستان کو ایک آسان ہدف کے طور پر استعمال کر رہا ہے جہاں وہ مقامی سلیپر ایجنٹس اور سرحدی حالات کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کا مسئلہ صرف سیاسی بات چیت یا مذاکرات سے حل نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے قومی سطح پر مضبوط نظریاتی حکمت عملی اور سیاسی مالکیت (Ownership) کی ضرورت ہے۔ جام کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی کوششیں تبھی کامیاب ہوں گی جب پوری کابینہ اور ریاستی مشینری ان کے ساتھ یکجا ہوگی، جبکہ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات پر ردعمل دیگر شہروں کے مقابلے میں مختلف دیا جاتا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے “ہیڈ ہنٹنگ” کے ذریعے معاشرے کے معتبر افراد کو سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ عوام کو متحرک کر کے گورننس کے اس خلا کو پر کر سکیں جسے دہشت گرد بھرنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ ایک نیوکلیئر پاور کے طور پر پاکستان کے کسی بھی علاقے میں بے چینی پورے ملک کی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔

WhatsApp
Get Alert