کوئٹہ میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی: 25 لاکھ مالیت کی بھارتی ساختہ اسمگل شدہ ادویات برآمد، انسانی صحت سے کھیلنے والا ملزم گرفتار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فضل الرحمان کاکڑ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایف آئی اے نے جعلی اور اسمگل شدہ ادویات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
کارروائی کے دوران ملزم محمد وسیم ولد عبدالحکیم کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے بھارتی ساختہ ادویات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی جو بظاہر اسمگل شدہ اور غیر رجسٹرڈ ہیں۔ فضل الرحمان کاکڑ کے مطابق برآمد شدہ ادویات کی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
ایف آئی اے نے اس نیٹ ورک کے دیگر عناصر کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert