نیشنل پارٹی رہنما عارف سلیم کے گھر پر گرنیڈ حملہ، برادر کشی کے سنگین کھیل اور سیاسی کارکنوں کو ہراساں کرنے کی بزدلانہ کوشش کامیاب نہیں ہوگی ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ، میر رحمت صالح

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی تربت کے فنانس سیکرٹری عارف سلیم کے گھر پر ہونے والے گرنیڈ حملے کو بلوچستان میں جاری خطرناک برادر کشی کے سلسلے کی کڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سنگین کھیل اگر فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس کے تباہ کن اثرات پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے سیاسی و سماجی شخصیات کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا اور اب گھروں پر حملے کر کے خاندانوں کو خوفزدہ کرنے کی روش اختیار کی جا رہی ہے، یہ محض ایک واقعہ نہیں بلکہ امن کو تہہ و بالا کرنے کی منظم کوشش ہے۔
نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی اس دستی بم حملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے میں عارف سلیم بلوچ اور ان کے کزن نعیم بلوچ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ عارف سلیم بلوچ ایک متحرک اور نظریاتی سیاسی کارکن ہیں، ایسے بزدلانہ حملوں سے سیاسی کارکنوں کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا اور نیشنل پارٹی اپنی پرامن و جمہوری جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی۔
پارٹی رہنماؤں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاسی اختلاف کو دشمنی میں بدلنا اور برادر کشی کو ہوا دینا بلوچستان کی اجتماعی تباہی کا راستہ ہموار کرنا ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر حملہ آوروں کو بے نقاب کر کے انہیں سخت سزا دے اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کرے کیونکہ امن و امان کا قیام ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔
