پاک افغان کشیدگی: عسکری مہم جوئی مسائل کا حل نہیں، افغانستان سیکیورٹی مطالبات پر سنجیدگی دکھائے، مولانا عبدالواسع

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جمعیت علمائے اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے ایوانِ بالا میں پاک افغان کشیدگی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات بے بنیاد نہیں بلکہ زمینی حقائق پر مبنی ہیں، لہٰذا افغانستان پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کے جائز سیکیورٹی مطالبات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے تاکہ سرحدی استحکام بحال ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 45 برس تک اپنی معیشت اور امن کو داؤ پر لگا کر افغان عوام کا ساتھ دیا، لیکن آج بھی خطہ عالمی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جہاں اسرائیل اور بھارت جیسی بیرونی طاقتیں اس کشیدگی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہیں جبکہ نام نہاد اسٹریٹجک معاہدات بھی پائیدار امن لانے میں ناکام رہے ہیں؛ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے واضح کیا کہ جذباتی طرزِ عمل اور یکطرفہ عسکری مہم جوئی مسائل کا حل نہیں بلکہ پیچیدگیوں میں اضافے کا باعث بنے گی، اس کے برعکس قابلِ اعتماد سیکیورٹی فریم ورک اور سنجیدہ سفارت کاری ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے، آخر میں انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک سے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کی اپیل کی۔
