پاک افغان تعلقات میں بیرونی مداخلت کی گنجائش نہیں، دونوں ممالک فوری جنگ بندی کریں، مولانا عبدالغفور حیدری

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے پاک افغان کشیدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یکطرفہ عسکری کارروائیاں مسائل کا حل نہیں بلکہ یہ نئی کشیدگی کو جنم دیتی ہیں، اس لیے ہم دونوں برادر اسلامی ممالک سے فوری جنگ بندی اور ذمہ دارانہ رویے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں امن کے خواہاں ممالک کو پرامن سفارتی کردار ادا کرنا چاہیے اور عالمی طاقتیں خصوصاً امریکہ اپنے مفادات کے لیے تقسیم کی سیاست سے باز رہیں؛ مسلمان ممالک کو اپنے اصل دشمنوں کو پہچاننا ہوگا کیونکہ امت کا اتحاد ہی وقت کی ضرورت ہے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری مظالم نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے جس پر مسلم دنیا کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی، ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت خطے میں مداخلت سے گریز کرے کیونکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بیرونی عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
