وزیراعظم سے وزیرداخلہ کی ملاقات، یورپی ممالک کا پاکستانیوں کے لیے قانونی ورک پرمٹ جلد جاری کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں یورپ میں منعقدہ اہم وزارتی اجلاسوں اور ملکی داخلی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو روم، اٹلی میں منعقدہ 4 ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت پر بریفنگ دی، جس میں پاکستان کے علاوہ اسپین اور یونان کے وزرائے داخلہ شریک ہوئے۔
اسی طرح وزیر داخلہ نے پولینڈ میں ہونے والے 6 فریقی وزرائے داخلہ اجلاس میں شرکت سے بھی آگاہ کیا، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرائے داخلہ شریک تھے۔
وزیر داخلہ کے مطابق دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانی شہریوں کے لیے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجرا پر اتفاق کیا۔ اجلاسوں میں رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب غیر قانونی طور پر سفر کرنے والوں کی تعداد میں صرف ایک سال کے دوران 47 فیصد کمی اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔
وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستانی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے جلد ویزا کی شرط ختم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی آگاہ کیا کہ پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سیکیورٹی کی صلاحیت میں مزید بہتری کے لیے یورپی یونین میں جلد ایک جامع پلان پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور قانونی امیگریشن کے فروغ کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ملاقات میں ملکی داخلی اور مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
