مشرقِ وسطیٰ میں جنگی جنون اور طاقت کا بے دریغ استعمال انسانی المیہ ہے، پاکستان دانشمندانہ خارجہ پالیسی اپنائے، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت نیوز) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) کے مرکزی بیان میں ایران پر اسرائیلی و امریکی حملوں اور اس کے نتیجے میں مشرقِ وسطی کے دیگر ممالک میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں ایران کے سپریم لیڈر سمیت دیگر ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خطے میں طاقت کے بے دریغ استعمال اور جنگی جنون نے ایک سنگین انسانی المیے کو جنم دیا ہے۔ ایچ ڈی پی نے واضح کیا کہ مذاکرات سے انکار اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا نہ کرنے کی پالیسی نے عالمی سطح پر طاقت کے توازن کو بگاڑ دیا ہے، جو کہ انسانی خوشحالی کے بجائے مزید بڑے بحرانوں پر منتج ہوگا۔ بیان میں اس امر پر سخت افسوس کا اظہار کیا گیا کہ اس تشویشناک صورتحال میں عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں عملا مفلوج اور اپنی ذمہ داریوں سے مکمل غافل نظر آرہی ہیں، جبکہ دوسری جانب طاقتور ممالک کے مفادات کی جنگ میں عام عوام کو ایندھن بنایا جا رہا ہے اور عالمی قوانین کی مسلسل پامالی کی جا رہی ہے۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے بیان میں حکومتِ پاکستان اور مقتدر حلقوں پر زور دیا ہے کہ ہمسایہ ممالک اور مشرقِ وسطی میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے ہمارے پالیسی سازوں کو انتہائی دانشمندانہ اور دوراندیش طرزِ عمل اپنانا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، لہذا پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں قومی مفادات اور علاقائی امن کو اولیت دینی چاہیے۔ پارٹی نے خبردار کیا کہ عالمی استعماری قوتوں کی جانب سے طاقت کا توازن بگاڑنے کی کوششیں پوری دنیا کو ایک بڑی تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں، جس کا تدارک صرف عالمی انصاف اور خودمختار ریاستوں کے احترام سے ہی ممکن ہے۔

WhatsApp
Get Alert