عامرخان اور فاطمہ ثناء کی شادی کی خبروں میں کتنی صداقت ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکار، مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے متعلق افواہیں زیرِ گردش ہیں کہ اُنہوں نے اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ سے تیسری شادی کر لی ہے۔بھارتی سوشل میڈیا پر اس وقت عامر خان اور فاطمہ ثناء شیخ کے خفیہ نکاح کی خبریں زیر گردش ہیں اور اس جوڑی کی کچھ تصویریں بھی خوب وائرل ہو رہی ہیں جس میں عامر خان نے کریم رنگ کا کرتا پاجامہ اور فاطمہ ثناء شیخ نے سنہری ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ تصویریں ’ایڈیٹڈ‘ ہیں۔

عامر خان کی وائرل ہوتی اِن اصل تصویروں میں فاطمہ ثناء کی جگہ اُن کی دوسرے نمبر کی بیوی کرن راؤ کھڑی ہیں اور وائرل ہوتی جعلی تصویروں میں ثناء شیخ کا چہرہ فوٹو شاپ کے ذریعےایڈٹ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل اس ماہ کے آغاز میں اپنی دوسری اہلیہ، کرن راؤ سے راستے جدا کرنے والے اداکار عامر خان سے متعلق بھارتی میڈیا پر افواہیں زیرِ گردش تھیں کہ وہ جَلد ہی تیسری شادی کی خبر سُنانے والے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ عامرخان جس سے تیسری شادی کے خواہشمند ہیں وہ کوئی اور نہیں بلکہ بھارتی فلم ’دنگل‘ میں عامر خان کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ ہی ہیں۔

واضح رہے کہ عامر خان پہلے سے دو شادیاں کر چکے ہیں، عامر خان کی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے دو بچے جنید اور آئیرا جبکہ دوسری بیوی کرن راؤ سے 9 سالہ بیٹا آزاد خان ہے۔دوسری جانب تا حال عامر خان اور فاطمہ ثناء شیخ کی جانب سے اِن افواہوں کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔