ٹرین سروسز کی معطلی غریب عوام سے امتیازی سلوک ہے، خسارے کا بہانہ مضحکہ خیز، کوئٹہ چمن، سبی ہرنائی اور بولان میل فوری بحال کی جائیں، پشتونخوامیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں وفاقی وزیر ریلوے کے ٹرین سروس کی بحالی سے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے بیان پر کہا گیا ہے کہ پشتون بلوچ صوبے میں محکمہ ریلوے کو خسارے کی جانب دھکیل کرلاکھوں عوام سے ریلوے سفر کی سہولیات چھیننا قابل افسوس ہے۔ محکمہ ریلوے خسارے سے دوچار ہیں کا بہانا کیا جارہا ہے اورصوبے میں کوئٹہ چمن ٹرین سروس، ہرنائی سبی ٹرین سروس اور اب بولان میل کوئٹہ کراچی بھی معطل کردیا گیا ہے لیکن دوسری جانب نئی ٹرینوں کی سروس کا آغاز کرنا اور سفری سہولیات عوام کو میسر کرنا سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ چمن ٹرین سروس کے ذریعے کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ چمن کے لاکھوں کی آبادی پر مشتمل عوام کے لیے کسی سہولت سے کم نہ تھی۔ جبکہ کوئٹہ کراچی کے ٹرین بولان میل سے بھی ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں جبکہ ہرنائی سبی مسافر ٹرین کے ساتھ مال گاڑی کی دو سے تین بوگیاں لگاکر ہرنائی سے سبزی، میوہ جات، کوئلہ وغیرہ کی سپلائی انتہائی آسانی اور کم وقت کے ساتھ سبی تک کی جاسکتی ہے۔ اسی طرح ہرنائی کا شہری وقت کے ضیاع کے بغیر اپنے کسی بھی سرکاری ونجی کام کے لیے سبی جو کہ ہرنائی ضلع کا ڈویژن ہے کام کے لیے آسکتا ہے۔ چونکہ ٹرین سروس معطل ہے اس لیے ہرنائی کے شہری ایک بار کوئٹہ آتے ہیں اور پھر کوئٹہ سے دوبارہ سبی جاتے ہیں اس طرح انہیں چند گھنٹوں کے سفر کو دو دن میں طے کرنا پڑتا ہے اور کوئٹہ رُوکنا لازمی ہوچکا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ریلوے کی جانب سے مسافروں کی تعداد کم ہونے اور ٹرین سروس معطل کرنا کا بیان مضحکہ خیز ہے اگر مسافر وں کی تعداد کم ہیں تو بوگیاں کم لگائی جائے لیکن سروس معطل کرنا غریب عوام بالخصوص مسافروں کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے ملک کے دیگر صوبوں وشہروں کی طرح اس پشتون بلوچ صوبے کے ٹرینوں کو بحال کرنے اور عوام کو ریلوے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے احکامات صادر فرمائیں اور ڈی ایس ریلوے صوبے کے تمام معطل وبند ٹرینوں کو چلانے کے لیے وفاقی وزیر ریلوے اور اعلیٰ حکام سے ٹرین اور مال بردار گاڑیوں کے چلانے کے لیے سنجیدگی سے بریفنگ اور اقدامات اٹھانے کے لیے اپنے فرائض ادا کرے۔

WhatsApp
Get Alert