سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں پر اے آئی (AI) کے ذریعے بھرتیاں، 14 ہزار امیدواروں کو تقرری نامے جاری، 2 سے 3 ماہ میں عمل مکمل کرنے کی ہدایت، چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خالی آسامیوں پر مصنوعی ذہانت(اے آئی) کے تحت تعیناتیاں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مختلف فورمز پر عوامی شکایات کا ازالہ، گوگل ورک سپیس، دفاتر میں آفیسران و عملے کی حاضری کو یقینی بنانا اور عوام کی معیار زندگی کو مزید بہتر کرنے کے لیے اقدامات پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعیناتیوں کے حوالے سے ایک اہم فیصلہ کیا ہے جس میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتیوں کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مخلص، محنتی اور اہل افراد کو عہدوں پر لانا ہے تاکہ عوامی خدمات میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں میں آنے والی خالی آسامیوں پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تقرریوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تقرریاں یہ دو سے تین مہینوں کے دوران مکمل کی جائیں ۔ اجلاس کو خالی آسامیوں سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک 14 ہزار اُمیدواروں کو تقرری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنائیں جن سے عوام کی معیار زندگی بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے سیکرٹریٹ اور لائن ڈیپارٹمنٹس میں آفیسران اور عملے کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس کو اس موقع پر بتایا گیا کہ آفیسران کی حاضری میں کافی بہتری آئی ہے۔
