آفتاب صدیقی، کیپٹن جمیل، شکور شاد حماد اظہر پر برس پڑے

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں گیس کا بحران شدید تر ہو گیا، شہر میں گیس کی بندش پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اورکیپٹن ریٹائرڈ جمیل کے بعد پی ٹی آئی کے تیسرے ایم این اے شکور شاد بھی حماد اظہر پر برس پڑے۔
شکور شاد نے اپنی پارٹی کے وزیر حماد اظہر کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ لیاری کے عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر احتجاج کریں گے، قومی اسمبلی میں بھی احتجاج کریں گے۔
اس سے قبل کیپٹن ریٹائرڈ جمیل نے حماد اظہر کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ان کے حلقے کے عوام پریشان ہیں، گیس بحال نہ کی تو وہ اسمبلی فلور پر احتجاج کریں گے۔ڈیفنس کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این اے آفتاب صدیقی نے حماد اظہر کے رویے کو شرم ناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ میسیجز کا جواب تک نہیں دیتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے ہی چلا تو خیبر پختون خوا کی طرح کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں بھی پارٹی کو نقصان ہوسکتا ہے۔