ایل ای ڈی ماسک کے ساتھ نماز کی تصویر: عریبہ حبیب کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا

لاہور (قدرت روزنامہ)رمضان المبارک دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے عبادت، روحانیت اور تقویٰ کا مہینہ سمجھا جاتا ہے، تاہم پاکستان میں گزشتہ چند برسوں سے اس مقدس مہینے کے دوران سوشل میڈیا اور ٹی وی نشریات میں تفریحی سرگرمیوں کا عنصر نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔ رمضان ٹرانسمیشنز میں ریٹنگ کی دوڑ جاری رہتی ہے جبکہ شوبز شخصیات بھی اپنی عبادات، سحری و افطار کی محفلوں اور دیگر سرگرمیوں کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتی رہتی ہیں۔ اسی سلسلے میں اس بار معروف ماڈل اور اداکارہ عریبہ حبیب بھی ایک منفرد تصویر کے باعث خبروں میں آگئی ہیں۔
عریبہ حبیب نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ نماز ادا کرتی نظر آئیں۔ تصویر میں انہوں نے سفید رنگ کا حجاب اوڑھا ہوا تھا، تاہم مداحوں کی حیرت اس وقت تشویش میں بدل گئی جب لوگوں نے دیکھا کہ اداکارہ نے چہرے پر ایل ای ڈی اسکن کیئر فیس ماسک بھی لگا رکھا ہے۔ ہوں۔
یہ تصویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ متعدد صارفین نے اس عمل کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبادت کے دوران دنیاوی امور کو شامل کرنا درست نہیں۔ کچھ لوگوں نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ایسا لگتا ہے جیسے کوئی الومیناتی کا رکن عبادت کررہا ہو، جبکہ بعض صارفین نے کہا کہ اداکارہ نے خود کو جدید اور منفرد دکھانے کی کوشش کی مگر نتیجتاً انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
چند صارفین نے یہ بھی لکھا کہ اس تصویر کے ذریعے انہیں پہلی بار معلوم ہوا کہ ایل ای ڈی فیس ماسک دراصل جدید اسکن کیئر ٹیکنالوجی کا حصہ ہے۔ تاہم زیادہ تر تبصروں میں اس بات پر اعتراض کیا گیا کہ عبادت جیسے سنجیدہ عمل کے دوران اس طرح کی چیزوں کو نمایاں کیا جائے۔ بعض افراد نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص اسی انداز میں کسی پیشہ ورانہ یا عوامی موقع پر بھی پیش آئے گا؟ اس واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مذہبی حساسیت اور شوبز شخصیات کے طرزِ عمل کے حوالے سے بحث چھیڑ دی ہے۔
