باکسنگ کی اپنی تھرل ہے، ڈر کبھی نہیں لگتا، مزہ آتا ہے، نیشنل ویمن باکسنگ چیمپئن ندا زریں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی نیشنل ویمن باکسنگ چیمپئن ندا زریں کہتی ہیں کہ انہیں باکسنگ میں مزہ آتا ہے کیونکہ اس کی اپنی ہی تھرل ہے، ڈر کبھی نہیں لگتا۔ندا زریں پاکستانی عورتوں کے لیے ایک مثال ہیں جو دو بچوں کی ماں بھی ہیں لیکن انہوں نے نجی زندگی کی تمام مصروفیات کے ساتھ خوب پریکٹس کی اور نیشنل ویمن باکسنگ چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا اور مستقبل میں وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ندا زریں کا کہنا تھا کہ باکسنگ کی شروعات انہوں نے اپنی فٹنس کو بہتر بنانے اور اسٹرنتھ کے لیے کی لیکن پھر اس قدر شوق پیدا ہوا کہ اپنے والدین کے منع کرنے کے باوجود بھی باکسنگ کھیلنے لگی۔
ندا زریں کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعودیہ اور برطانیہ میں رہائش کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیا جن میں سوئمنگ، فٹ بال، باسکٹ بال اور ایتھلیٹکس شامل ہیں لیکن پھر باکسنگ کا شوق اس قدر بڑھ گیا کہ اس کو مستقل بنا لیا۔
ندا زریں کہتی ہیں ان کے والدین چاہتے تھے میں کھیلوں لیکن باکسنگ نہ کھیلوں، ویمن باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا اچھا لگا لیکن مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ میں نیشنل چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتوں گی۔نیشنل باکسنگ چیمپئن کا کہنا تھا کہ خواتین کو اس ہی طرح کی سپورٹ کی ضرروت ہے ، اگر انہیں متحرک رکھا گیا تو پاکستانی خواتین بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے اور اپنے ملک کے لیے بین الاقوامی ٹائٹل جیتیں گی۔
ندا زریں کا مزید کہنا تھا کہ میرا اب یہی ہدف ہے کہ میں بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لوں اور ملک کا نام روشن کروں۔